7 Tips- work from Home

admissionadmin April 4, 2020 No Comments

عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اس وقت د نیا بھر لاک ڈاؤن سلوشن پر عمل کر رہی ہے، ایسے میں گھروں سے کام کرنے والے فری لانسرز کے لیے تو کوئی مسئلہ نہیں، مگر جو افراد دفتروں سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، اگر آپ بھی پریشان ہیں تو مندرجہ ذیل مشورے آپ کا ’ ورک فروم ہوم‘ کا تجربہ اچھا بنا سکتے ہیں ۔

اپنے دفتر کی روٹین کو متاثر نہ ہونے دیں

ٓآپ کے لاک ڈاؤن سے پہلے دفتر میں جو کام کرنے کے اوقات تھے ان پر سختی سے عمل کرتے رہیں ، اپنی روزانہ کی روٹین کو متاثر ہونے سے بچاتے ہوئے روزانہ کے وقت کے مطابق ہی جاگ جائیں اور آن لائن ہو کر اپنا کام شروع کر دیں، گھر میں رہ کر کام کرنے کے گھنٹوں میں تبدیلی نہ لائیں ورنہ کام ادھورا رہ جانے کے سبب آپ کو اضافی وقت میں کام مکمل کرنا پڑ سکتا ہے جو آپ کی صحت پر منفی اثر ڈالے گا۔

گھر میں دفتری کام کے لیے صحیح جگہ کا تعین کریں

گھر کا ایک کونہ خود کے لیے بنا لیں جہاں آپ روزانہ آسانی سے بیٹھ کر کام کر سکیں، روزانہ جگہ بدلنے سے گریز کریں ، بیٹھنے کی جگہ آرام دہ ہو مگر اتنی بھی نہیں کہ آپ کو زیادہ وقت نیند آتی رہے ۔

آپ کا ورکنگ پلیس منظم ہونا چاہیئے ورنہ گھر کی بکھری چیزوں کے ساتھ آپ خود بھی الجھے رہیں گے۔

ورکنگ پلیس کی سجاوٹ

لاک ڈاؤن کے وقت اگر آپ کو اپنی ڈیسک کی چیزیں گھر لانے کاموقع نہیں ملا ہے تو گھر میں ہی کوئی چیزیں بنا لیں جس میں موٹیویشنل اقوال زریں سمیت چھوٹے چھوٹے پودے یا ایسی چیزیں ہوں جسے آپ اپنے آس پاس پا کر اچھا محسوس کرتے ہوں اور آپ کو کام میں آسانی ہو جائے ۔

آرام دہ پہناوے کے بجائے دفتر کے استعمال کے کپڑے پہنیں

گھر میں کام کرتے وقت اپنے کپڑے روزانہ بدلیں اور وہی پہناوے پہنیں جنہیں آپ پہن کر دفتر جاتے ہیں ، آرام دہ کپڑوں ، ڈھیلی ڈھالی قمیض یا پاجامے سے آپ کا دفتری کام کا موڈ آن نہیں ہو سکتا ، اچھے کپڑوں میں کام کرتے وقت آپ کسی بھی وقت آفس سے آنے والی ویڈیو کال یا کانفرنس اٹینڈ کر سکتے ہیں ، اگر آفس سے اچانک کوئی کانفرنس یا ویڈیو کال آ گئی اور آپ گھر کے کپڑوں میں ہیں تو اس سے آپ کو شرمندگی ہو سکتی ہے اور کام پر فرق پڑ سکتا ہے ۔

اپنے دفتر کے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں

کورونا وائرس کے پیش نظر سوشل ڈسٹینسنگ کے سبب ایک دوسرے سے رابطے میں رہنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، فزیکل ڈسٹینسنگ کے ہوتے ہوئے ایک آپشن بچ جاتا ہے وہ ہے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ، ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے ذریعے اپنے کولیگز کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ہر کام اور ہر نئے پروجیکٹ پر بات چیت جاری رکھیں۔

ایک دوسرے سے ویڈیو کال کرتے رہیں ، ای میل روزانہ چیک کریں، لاک ڈاؤن کے دوران موبائل سائیلنٹ پر لگانے سے گریز کریں۔

گھر والوں کے ساتھ ’ ورکنگ فروم ہوم ‘ سے متعلق بات کریں

لاک ڈوؤن کے دوران گھر سے کام کرتے وقت اپنے گھر والوں کو اعتماد میں لیں، ان سے اس سے متعلق بات کریں، پیش آنے والی مشکلات سے متعلق انہیں بتائیں اور ان کے ذہنوں میں اگر آپ کے کام اور اس سے متعلق کوئی بھی سوال ہے تو انہیں اس کا جواب دیں ۔

گھر والوں کو یہ بات واضح طور پر سمجھائیں کہ آفس آورز جو کہ آپ اب گھر میں گزار رہے ہیں ان گھنٹوں کا احترام کرتے ہوئے آپ کو گھر کا کام نہ بتائیں اور نہ ہی آپ کو گھرمیں تصور کریں، آپ کے کام کی جگہ پر زیادہ بیٹھنے یا آپ کو باتوں میں لگانے سے گریز کریں۔

چائے اور دوپہر کے کھانے کے وقت کام روک دیں

گھر سے کام کرتے وقت اپنی صحت کا بھی خیال کریں ، کچھ دیر بعد اپنی جگہ سے اٹھ کر چلتے پھرتے رہیں، چائے اور کھانے کے وقت اپنی جگہ چھوڑ دیں اور گھر والوں کے ساتھ یہ تھوڑا سا وقت گزاریں۔

کسی کھلی جگہ بالکونی وغیرہ میں جائیں اور تازہ ہوا لیں، 10 منٹ کا یوگا کریں یا خود کو پر سکون رکھنے کے لیے 15 سے 20 منٹ کی نیند لے لیں۔

یاد رکھیں جتنا آپ کے آفس کا کام وقت پر ہونا ضروری ہے اتنی ہی آپ کی صحت بھی ضروری ہے ۔

Tags :